29/07/2026
شیشیکوہ میں ٹیلی نار نیٹ ورک کی مسلسل ناقص سروس، عوام فوری ریلیف کے منتظر
شیشیکوہ کے عوام گزشتہ کئی ماہ سے ٹیلی نار نیٹ ورک کی بدترین کارکردگی کے باعث شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ یہ علاقے کی واحد مؤثر مواصلاتی سہولت ہے، مگر روزانہ کئی کئی گھنٹے سگنل مکمل طور پر غائب رہتے ہیں، جس سے فون کال، انٹرنیٹ اور ہنگامی رابطہ تک ممکن نہیں رہتا۔
شیشیکوہ ایک دور افتادہ، پہاڑی اور قدرتی آفات سے متاثر ہونے والا علاقہ ہے، جہاں خصوصاً مون سون کے موسم میں مواصلاتی نظام کی مسلسل دستیابی ناگزیر ہے۔ افسوس کہ معمولی خراب موسم یا شام ڈھلتے ہی نیٹ ورک بند ہو جاتا ہے، جو کسی بھی ہنگامی صورتحال میں انسانی جانوں کے لیے سنگین خطرہ بن سکتا ہے۔
اطلاعات کے مطابق ٹاورز کے ناقص سولر سسٹم اور مؤثر بیک اپ پاور کی عدمے دستیابی اس مسئلے کی بنیادی وجوہات ہیں۔ دوسری جانب صارفین روزانہ، ہفتہ وار اور ماہانہ پیکجز خریدنے کے باوجود ناقص سروس کے باعث ان سے فائدہ نہیں اٹھا پاتے اور ان کی رقم ضائع ہو جاتی ہے۔
ہم متعلقہ حکام سے پُرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ
1: شیشیکوہ میں ٹیلی نار نیٹ ورک کی فوری تکنیکی جانچ کرکے مستقل حل یقینی بنایا جائے۔
2 ٹاورز کے سولر سسٹم کو جدید بنایا جائے اور بیک اپ جنریٹرز ہر وقت فعال رکھے جائیں۔
3: ہنگامی حالات میں بلا تعطل مواصلاتی سہولت کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
4: ناقص سروس سے متاثرہ صارفین کے لیے مناسب معاوضہ یا پیکجز کی مدت میں توسیع کی پالیسی متعارف کرائی جائے۔
ہم یہ عوامی مسئلہ معزز رکنِ صوبائی اسمبلی فاتح الملک علی ناصر ، سینیٹر فلک ناز ڈپٹی اسپیکر بی بی ثریا، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (PTA)اور ٹیلی نار پاکستان کے اعلیٰ حکام کے نوٹس میں لاتے ہوئے فوری اور مؤثر کارروائی کی اپیل کرتے ہیں۔ شیشیکوہ کے عوام بھی ملک کے دیگر علاقوں کی طرح معیاری، محفوظ اور بلا تعطل مواصلاتی سہولیات کے حق دار ہیں۔